دبئی،22دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی ریاست کے لیے سنہ 2017ء کے مالی سال کا بجٹ منظور کیا ہے۔ اجمالی طور پر آئندہ سال کے لیے دبئی کا بجٹ 47ارب 30کروڑ درہم یعنی 12.8ارب ڈالر رکھا گیا ہے۔امارۃ دبئی کے لیے منظور کردہ بجٹ میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 27فی صد اضافی بجٹ رکھا گیا ہے۔ مقررہ اہداف سرپلس کے لیے 2ارب اور 900ملین درہم کا بجٹ رکھا گیا ہے جس کے نتیجے میں دبئی میں روزگار کے 3ہزار پانچ سو نئے مواقع پیدا ہوں گے۔دبئی کی مالیاتی کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمان آل صالح نے ایک بیان میں بتایا کہ مالی سال 2016ء کے مالیاتی نظام میں دبئی کی حکومت کے زیرانتظام کمپنیوں کی نئی درجہ بندی کی گئی تھی۔ کئی نئی کمپنیوں کو اس بجٹ میں شامل کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں بجٹ کی آمدن اور اس کے اخراجات میں کمی آئی تھی۔اخبار البیان سے بات کرتے ہوئے آل صالح کا کہنا تھا کہ سنہ 2017ء کے مالیاتی بجٹ میں 3فی صد اضافہ کیا گیا ہے۔